واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مجوزہ معاہدہ ابھی مکمل طور پر حتمی شکل اختیار نہیں کر سکا، تاہم اس حوالے سے مثبت پیش رفت متوقع ہے کیونکہ وہ کبھی “بری ڈیل” نہیں کرتے۔
امریکی ٹی وی چینل اے بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدہ سابق امریکی صدر باراک اوباما کے دور کے معاہدے سے بالکل مختلف ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اب تک کسی نے بھی اس معاہدے کی مکمل تفصیلات نہیں دیکھیں اور نہ ہی عوام اس کے نکات سے آگاہ ہیں، اس لیے بغیر مکمل معلومات کے تنقید کرنے والوں کی باتوں کو اہمیت نہیں دینی چاہیے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان سے پہلے آنے والی امریکی قیادت کو یہ معاملہ کئی سال پہلے حل کر لینا چاہیے تھا۔ ان کے مطابق ایران کے ساتھ مذاکرات منظم اور تعمیری انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں جبکہ معاہدے کی کامیابی کا انحصار ایران کے فیصلوں پر ہوگا۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ وہ ایسا معاہدہ چاہتے ہیں جو امریکا کے مفادات اور مشرقِ وسطیٰ میں استحکام کے لیے مؤثر ثابت ہو۔
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک جنگی طیارے کے نیچے نصب میزائل کی تصویر بھی شیئر کی، جس پر ایک مخصوص جملہ درج تھا۔ اس پوسٹ کو ایران سے جاری کشیدگی اور جاری مذاکرات کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔







