اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ بجلی کے شعبے کے 1225 ارب روپے گردشی قرضے کا حل مالی نظم و ضبط کو بہتر بنانے، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کرنے اور پاکستان کے توانائی کے شعبے کے دیرینہ مسائل کے حل میں ایک اہم قدم ہے۔
وزارتِ خزانہ کے جاری بیان کے مطابق اس کامیاب حل کو وزیرِ اعظم کی پاور ٹاسک فورس، وزارتِ توانائی، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، پاکستان بینکس ایسوسی ایشن اور 18 شراکتی بینکوں کی مشترکہ کوششوں کے ذریعے ممکن بنایا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس تاریخی ری اسٹرکچرنگ سے توانائی کے شعبے کے دیرینہ مسائل میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے اور اداروں کے درمیان مربوط کام کرنے اور ٹیم ورک کی اہمیت کو ظاہر کیا گیا ہے۔
یہ کوشش وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی قیادت میں وزیرِ اعظم کی ٹاسک فورس نے کی، جس میں وزیرِ خزانہ، وزیرِ اعظم کے مشیر برائے نجکاری، نیشنل کوآرڈینیٹر، گورنر اسٹیٹ بینک، سیکریٹری خزانہ اور ٹاسک فورس کے دیگر اراکین نے بھرپور تعاون فراہم کیا۔ پاکستان بینکس ایسوسی ایشن اور 18 بینکوں نے بھی مضبوط تعاون دیا۔








