ریاض: سعودی دارالحکومت میں وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ہونے والی اہم ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے، جسے سعودی پریس ایجنسی (SPA) نے بھی نشر کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات اور تعاون کے فروغ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ باہمی شراکت داری کو مزید وسعت دی جائے گی۔
سعودی ولی عہد نے پاکستان اور سعودی عرب کے اسٹریٹجک تعلقات کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کی کوششوں کو قابل تعریف قرار دیا۔ ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری سفارتی رابطوں اور کوششوں پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ خطے میں امن و استحکام کے قیام کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔
اس موقع پر سعودی ولی عہد نے وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب خطے میں امن اور استحکام کے لیے اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔







