آج کی تاریخ

کچے کے ڈاکو رحیم یار خان پہنچ گئے ،3 شہری اغوا،2 بچ گئے ،پنجاب اسمبلی میں گونج

رحیم یار خان ( بیورو رپورٹ) کچے کے ڈاکورحیم یارخان پہنچ گئے،3شہری اغوا،2بچ گئے،پنجاب اسمبلی میں معاملے کی گونج سنائی دی گئی۔ تفصیل کے مطابق چوک شہباز پور کے قریب چک 20 روڈ پر گھات لگائے کچہ کے نامعلوم ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر 3 شہریوں چوہدری محمد عثمان‘ چوہدری طارق رزاق اور سعید احمد دھاندو کو روک کر باندھ لیا‘ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار 2 دیہاتیوں محمد عمران اور محمد ابراہیم کو بھی روک لیا اور انہیں اغوا کرنے کی بھی کوشش کی جو مزاحمت پر ناکام بنادی۔ نامعلوم ڈاکو باندھے تینوں شہریوں چوہدری محمد عثمان‘ چوہدری طارق رزاق اور سعید احمد کو اغوا کرکے کچہ کی جانب فرار ہوگئے۔ اطلاع پاکر مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈاکوؤں کی گرفتاری اور شہریوں کی بازیابی کیلئے علاقہ بھر کا سرچ آپریشن شروع کردیا۔ پولیس نے کارروائی شروع کردی۔دوسری جانب رکن صوبائی اسمبلی سردار ممتاز علی چانگ نےپنجاب اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرواتےہوئے ایوان سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ضلع رحیم یارخان میں امن و امان کی صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ گھمبیر ہو تی جارہی ہے،تحصیل صادق آباد میں اغوابرائے تاوان کی بڑھتی ہوئی وارداتوں سے حلقہ کے عوام میں خوف ہراس پھیل چکا ہے،ضلعی پولیس قانون کی رٹ قائم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے،کچہ کے ڈاکو دن دہاڑے شہریوں کو اغوا کرکے کروڑوں روپے تاوان مانگ رہے ہیں ،پولیس جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے کے باوجود کچہ کے اغوا کاروں کو پکڑنے میں ناکا م ہو چکی ہے اور شہریوں کے اغواکے مقدمات نامعلوم افراد کیخلاف درج کرکے خانہ پوری کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حلقہ پی پی 266کے علاقہ گوٹھ جوڑا چک 149 پی کے رہائشی علی رضا اور چک نمبر 146 پی کے دو نوجوانوں کو کچہ کے جرائم پیشہ دن دیہاڑے سر عام اسلحہ کے زور پر اغوا کرکے لے گئے اور غریب مغویوں کے والدین اور 3 کروڑ روپے تاوان کی رقم طلب کر رہے ہیں،انہوں نے کچہ سے جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ کرنے کیلئے کئی دہائیوں سے اربوں کھربوں روپے کے فنڈز پولیس آپریشن کیلئےجاری کئے جا چکے ہیں،حال ہی میں اربوں روپے کے فنڈز سے کچہ آپریشن کیاگیا جس میں پولیس کچہ سے جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کا دعویٰ کیا تھا کہاں گیا پولیس کا وہ دعویٰ ،انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا وزیر اعلیٰ پنجاب ازراہ نوازش فرمائیں گی کیا 3 بے گناہ شہری جنہیں ڈاکواغوا کرکے لے گئے ان مغویوں کا مقدمہ کس کے خلاف درج کیا گیا؟پولیس نے 2 ہفتے گزرنے کے باوجو د کسی بھی مغوی کو بازیاب کرانے میں کیوں کامیاب نہیں ہوئی؟رکن پنجاب اسمبلی سردار ممتاز علی چانگ نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے فوری نوٹس لینے اور بے گناہ شہریوں کو بازیاب کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں