اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغانستان کی طالبان حکومت دہشت گردوں کی حمایت بند کرے، پاکستان میں امن و امان کی مکمل ضمانت کابل کو دینا ہوگی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے واضح کیا کہ چاہے ٹی ٹی پی ہو یا بی ایل اے، پاکستان اپنی سرزمین پر کسی بھی دہشت گردی کو برداشت نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کی جانب سے دراندازی فوری طور پر روکنی چاہیے کیونکہ دہشت گردی کے معاملے پر پاکستان اپنے مؤقف سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹے گا۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ثالثی کے عمل میں پاکستان کے مفادات کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے گا، دہشت گردی کے خاتمے کے بغیر دونوں ہمسایہ ممالک کے تعلقات میں بہتری ممکن نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت بتدریج سیاسی تنہائی کا شکار ہو رہی ہے، پی ٹی آئی کے رہنما ذاتی مفادات کی بات کرتے ہیں لیکن ملک کسی ایک شخص کے قانون پر نہیں چل سکتا۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ سابق فاٹا کے عوام جانتے ہیں کہ وفاقی حکومت ان کے ساتھ مخلص ہے، جہاں ضرورت ہو وہاں ریاست طاقت کا بھرپور استعمال کر رہی ہے تاکہ اس مٹی کے مفادات کا دفاع یقینی بنایا جا سکے۔








