راولپنڈی: پنجاب بھر کی جیلوں میں قیدیوں اور حوالاتیوں سے ملاقات کے نظام کو جدید بنانے کے لیے نیا قدم اٹھا لیا گیا ہے۔ اڈیالہ جیل سمیت تمام جیلوں میں ملاقات کے لیے موبائل ایپ متعارف کرا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اس موبائل ایپ کے ذریعے قیدیوں سے ملاقات کے لیے پیشگی (ایڈوانس) بکنگ کی جا سکے گی۔ یہ ایپ گوگل پلے اسٹور سے باآسانی ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے۔
محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کی جانب سے تمام جیل سپرنٹنڈنٹس کو اس حوالے سے باضابطہ مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ہر جیل کے انچارج کو پریزنرز منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم (PMIS) کی خصوصی تربیت فراہم کر دی گئی ہے، جبکہ جیل عملے کے لیے اضافی تربیت کی غرض سے آپریشنل ویڈیوز بھی جاری کی گئی ہیں۔
آن لائن بکنگ کروانے والے افراد کی سہولت کے لیے جیلوں کے ویٹنگ ایریا میں عملے کی تعیناتی اور الگ سہولت کاؤنٹرز بنانے کی بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔








