لاہور: پنجاب پولیس نے رحیم یار خان کے کچہ ماچھکہ میں سندھ کی سرحد کے قریب آپریشن کرتے ہوئے دو مطلوب ڈاکوؤں کو ہلاک کر دیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق مارے گئے ڈاکو، شاہ میر کوش اور حکیم کوش، گزشتہ سال کچہ ماچھکہ میں 12 پولیس اہلکاروں کی شہادت میں ملوث تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔
ڈی پی او رضوان عمر گوندل کی قیادت میں پولیس نے بکتر بند گاڑیوں اور ایلیٹ کمانڈوز کی مدد سے یہ کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کے ٹھکانوں پر چڑھائی کی گئی، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس کے دباؤ پر ڈاکو سندھ کی طرف فرار ہونے کی کوشش کرنے لگے، تاہم سرچ آپریشن کے بعد ان کے ٹھکانے نذر آتش کر دیے گئے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس اہلکاروں کی شہادت میں ملوث مرکزی ملزمان کو انجام تک پہنچانے پر رحیم یار خان پولیس کو شاباش دی۔ ڈی پی او رضوان عمر گوندل نے عزم ظاہر کیا کہ کچہ کے مجرموں اور دہشت گردوں کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پولیس کا آپریشن اب بھی جاری ہے، اور بکتر بند گاڑیوں کے ساتھ ڈاکوؤں کا تعاقب کیا جا رہا ہے۔
