کراچی: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ مدارس اور مساجد کی بندش کے حوالے سے پھیلایا جانے والا پراپیگنڈا سراسر غلط ہے، حکومت کا کسی بھی مدرسے یا مسجد کو بند کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
کراچی میں چیئرمین سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری سے ملاقات کے دوران وزیر داخلہ کے ہمراہ صوبائی وزرا شرجیل انعام میمن اور سید ناصر حسین شاہ بھی موجود تھے۔
ملاقات میں علمائے کرام کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا جبکہ مذہبی ہم آہنگی اور قومی اتحاد کے فروغ پر زور دیا گیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی سنی تحریک کے چیئرمین محمد ثروت اعجاز قادری سے ملاقات
— Ministry of Interior GoP (@MOIofficialGoP) October 22, 2025
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ بھی وزیرداخلہ کے ہمراہ تھے
ملاقات میں علمائے کرام کی گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا pic.twitter.com/J27A4sxUEG
محسن نقوی نے کہا کہ دینِ اسلام امن، رواداری اور محبت کا پیغام دیتا ہے۔ ملک میں قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج ہر شہری کا حق ہے، مگر تشدد اور شرانگیزی کی کوئی گنجائش نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ علمائے کرام نے ہمیشہ ملک میں حق و انصاف کے قیام میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، اور اس وقت قوم کو اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے۔
چیئرمین سنی تحریک ثروت اعجاز قادری نے وفاقی وزیر داخلہ کو مذہبی ہم آہنگی اور امن کے فروغ میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔








