آج کی تاریخ

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا لندن کا دورہ، سرمایہ کاری مواقع اجاگر کرنے کیلئے اہم ملاقاتیں اور تقاریر

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اہم مالیاتی و سرمایہ کاری امور پر بات چیت کے لیے لندن روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ برطانوی حکام، عالمی مالیاتی اداروں، معروف سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔
وزارت خزانہ کے مطابق، وزیر خزانہ تین روزہ دورے کے دوران مختلف سرمایہ کاری فورمز اور سیمینارز سے خطاب کے ذریعے پاکستان کی معیشت کی صورتحال، حکومتی اقتصادی پالیسیوں اور سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالیں گے۔
دورے کے دوران وہ جیفریز کے زیراہتمام ’’پاکستان تک رسائی کے دن‘‘ کی تقریب میں شرکت کریں گے، جہاں سرمایہ کاروں سے براہ راست تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، وہ یو کے ٹیک انویسٹرز کے ساتھ ایک گول میز مذاکرے میں بھی شرکت کریں گے، جس میں اے آئی، کان کنی، ہیلتھ کئیر اور دیگر شعبوں میں حکومت کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں پر بات ہوگی۔ ان مذاکروں میں وزیراعظم کے مشیر برائے سرمایہ کاری محمد علی بھی شریک ہوں گے۔
وزیر خزانہ برطانیہ کے مختلف سرکاری اداروں کا بھی دورہ کریں گے، جن میں ہز میجسٹی ٹریژری، فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس، آفس فار بجٹ ریسپانسبلٹی، اور بینک آف انگلینڈ شامل ہیں۔ وہ ان اداروں کے اعلیٰ حکام سے پاکستان کی معیشت، تعاون کے امکانات اور سرمایہ کاری کے فروغ پر بات چیت کریں گے۔
اس کے علاوہ وزیر خزانہ ڈوئچے بینک، اسٹینڈرڈ چارٹرڈ، کارگل گلوبل ٹریڈنگ یو کے، برٹش امریکن ٹوبیکو اور دیگر نمایاں اداروں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
وزیر خزانہ مشیر محمد علی کے ہمراہ پاکستانی ہائی کمیشن کے زیر اہتمام سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں شرکت کریں گے اور بین الاقوامی و برطانوی میڈیا سے سوال و جواب کی نشست میں بھی حصہ لیں گے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں