پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بانی تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی اجازت کے لیے چیف جسٹس آف پاکستان کو باضابطہ خط ارسال کردیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی نے یہ خط ایڈووکیٹ جنرل کے ذریعے چیف جسٹس پاکستان تک پہنچایا، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور وزارت داخلہ کو ہدایت دی جائے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔
خط میں کہا گیا کہ علی امین گنڈاپور کے استعفے کے بعد سہیل آفریدی نئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا منتخب ہوئے ہیں، اور کابینہ کی تشکیل سمیت اہم حکومتی امور پر بانی پی ٹی آئی سے مشاورت ناگزیر ہے۔
وزیراعلیٰ نے موقف اختیار کیا کہ صوبے اور وفاق کے درمیان گندم کی ترسیل سمیت کئی معاملات پر رہنمائی درکار ہے، لہٰذا اڈیالہ جیل میں متعلقہ حکام کی نگرانی میں ملاقات کی اجازت دی جائے۔
انہوں نے اپنے خط میں مزید کہا کہ بطور وزیراعلیٰ اور خیبر پختونخوا کے ساڑھے چار کروڑ عوام کے نمائندے کے طور پر میرا آئینی و اخلاقی فرض ہے کہ اپنی جماعت کے پیٹرن اِن چیف سے رہنمائی حاصل کروں۔








