اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے دوحا میں امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات میں کہا ہے کہ مسلم امہ کا اتحاد موجودہ حالات میں سب سے بڑی ضرورت ہے اور پاکستان ہر حال میں قطر کے ساتھ کھڑا ہے۔
عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر ہونے والی اس ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔
شہباز شریف نے 9 ستمبر کو دوحا میں ہونے والے اسرائیلی حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور درجنوں زخمیوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر براہ راست حملہ ہے جو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر دونوں ملکوں کے تاریخی اور دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ مستقبل میں یہ رشتہ مزید مضبوط ہوگا۔ انہوں نے اسرائیلی جارحیت کے فوری خاتمے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قطر کی جانب سے عرب اسلامی سربراہی اجلاس بلانا ایک بروقت اور قابل تحسین فیصلہ ہے۔
مزید برآں، شہباز شریف نے بتایا کہ پاکستان نے قطر کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی کوشش بھی کی تاکہ مشرق وسطیٰ کی بگڑتی صورتحال پر عالمی توجہ مبذول کرائی جا سکے۔
امیرِ قطر نے وزیراعظم پاکستان کا اجلاس میں شرکت اور اظہارِ یکجہتی کے لیے شکریہ ادا کرتے ہوئے قریبی رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔








