کراچی: نیشنل اسٹیڈیم میں جاری سہ ملکی سیریز کے فائنل میں قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر بابراعظم نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا۔ انہوں نے 10 رنز مکمل کرتے ہی ون ڈے فارمیٹ میں پاکستان کے لیے تیز ترین 6 ہزار رنز بنانے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
بابراعظم نے 125 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 55.98 کی شاندار اوسط کے ساتھ 5 ہزار 990 رنز اسکور کیے تھے، اور آج کے میچ میں 6 ہزار کا ہندسہ عبور کرلیا۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے مجموعی طور پر 11ویں پاکستانی کرکٹر بن گئے ہیں۔
ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں سابق کپتان انضمام الحق 11 ہزار 701 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں، جبکہ محمد یوسف (9,554) اور سعید انور (8,824) بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔
اس کے ساتھ ہی بابراعظم نے سابق جنوبی افریقی لیجنڈ ہاشم آملہ کے تیز ترین 6 ہزار ون ڈے رنز مکمل کرنے کے عالمی ریکارڈ کو بھی برابر کردیا، جو کرکٹ کی تاریخ میں ایک بڑی کامیابی سمجھی جاتی ہے۔