آج کی تاریخ

ملکی صنعتوں کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی اولین ترجیح برآمدات پر مبنی معیشت کی تشکیل ہے، جس کے لیے ملکی صنعتوں کا فروغ ناگزیر ہے۔
صنعتی ترقی سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے واضح کیا کہ ملکی برآمدات میں صنعت کو ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے، اور برآمدات کے فروغ کے لیے صنعتی شعبے کو عالمی معیار کے مطابق افرادی قوت اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ٹیرف ریفارمز کے ذریعے سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا، جب کہ غیر واضح صنعتی پالیسیوں نے ماضی میں صنعتوں کی ترقی میں رکاوٹ ڈالی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اب ہم ایک مؤثر اور واضح صنعتی پالیسی لا رہے ہیں جس سے صنعتی پیداوار میں اضافہ اور موجودہ مسائل کا دیرپا حل ممکن ہو گا۔
وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد صنعتی پالیسی کو جلد حتمی شکل دی جائے۔ اجلاس میں وزیراعظم کو ملک کے مینوفیکچرنگ سیکٹر کی بحالی کے لیے دی گئی سفارشات سے آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، معاون خصوصی ہارون اختر اور مختلف اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
جدید تعلیم کے فروغ میں پاکستانی اسکولوں کی عالمی سطح پر کامیابی
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے تین اسکولوں کو دنیا کے بہترین کمیونٹی تعاون سے چلنے والے اسکولوں کی فہرست میں شامل ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
ورلڈ بیسٹ اسکول پرائزز 2025 میں لاہور کا سنجن نگر پبلک ایجوکیشن ٹرسٹ، کوئٹہ کا بیکن ہاؤس کالج ہروگرام اور لاہور کا نارڈک انٹرنیشنل اسکول دنیا کے 10 نمایاں اسکولوں میں شامل ہو گئے ہیں۔
وزیراعظم نے اسکول انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان اداروں نے جدید نصاب، تحقیق، ٹیکنالوجی، ماحولیات اور دیہی ترقی کے میدان میں شاندار کام کیا ہے اور ملک کا نام روشن کیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان جدید تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ قوم کے نونہالوں کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے قابل بنایا جا سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں