آج کی تاریخ

ملتان اورصادق آباد کے4شہری کچےمیں اغوا، بھاری تاوان مانگ لیا

ملتان،رحیم یارخان( سپیشل رپورٹر، بیورو رپورٹ) ملتان اورصادق آبادکے4شہریوں کوکچےکے ڈاکوئوں نے اغواکرکے بھاری تاوان مانگ لیا۔تفصیل کےمطابق ملتان کا رہائشی 60 سالہ شخص کچے کے علاقے میں ہنی ٹریپ کا شکار ہو کر ڈاکوئوں کے ہاتھوں اغوا ہوگیا۔ بے رحم اور ظالم ڈاکوئوں نے مارپیٹ کے بعد زنجیروں سے جکڑے ہونے کی ویڈیو اہلخانہ کے واٹس ایپ کے ذریعے ارسال کر کے 2 روز کے اندر ایک کروڑ روپے تاوان طلب کر لیا۔ معلوم ہو اہے کہ نرسری میں کام کرنیوالے 60 سالہ اشرف ہاشمی کی بیوی چند سال قبل وفات پا گئی تھی جبکہ مذکورہ شخص رشتے کی تلاش میں تھا۔3 روز قبل مغوی اشرف ہاشمی اہلخانہ کو صادق آباد جانے کاکہہ کر گھر سے چلا گیا اور اہلخانہ سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ تھانہ مظفر آباد کو گمشدگی کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ اہلخانہ کے مطابق موبائل فون کی آخری لوکیشن بیٹ بخشے والی کی ظاہر ہوئی ہے۔ گذشتہ روز نمبر آن ہونے کے بعد بیٹے نے واٹس اپ میسج کیا تو دوسری جانب سے ویڈیو بھیج کر ایک کروڑ روپے تاوان طلب کیا گیا ہے جبکہ تاوان کی ادائیگی کیلئے 2 روز کا وقت دیا گیا ہے۔ ویڈیو میں مغوی زنجیروں میں جکڑا نظر آرہا ہے جبکہ ہاتھ باندھ کر مدد طلب کررہا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کچے کے ڈاکوئوں کی جانب سے درجنوں افراد کو ہنی ٹریپ کے ذریعے اغوا کر کے اہلخانہ سے طلب کرنے کے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ مغوی اشرف ہاشمی کے 4 بیٹے ہیں اور ویڈیو سامنے آنے کے بعد اہلخانہ شدید پریشانی کا شکار ہے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر مغوی کی رہائی کیلئے اقداما ت کئے جائیں۔علاوہ ازیں رحیم یارخان کے علاقے سےکچہ کے نامعلوم ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر مزید تین شہریوں کو اغوا کرلیا‘ڈاکوؤں نے مغویوں کو زنجیروں میں جکڑ کر پولیس کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردی۔ گزشتہ سے پیوستہ رات نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے احمد پور لمہ اور کمن بھٹہ سے3 شہریوں کو زبردستی اغوا کرکے کچہ کی جانب فرار ہوگئے۔ اطلاع پاکر مقامی پولیس کی بھاری نفری موقع واردات پر پہنچ گئی اور مغویوں کی بازیابی اور ڈاکوؤں کی گرفتاری کیلئے علاقہ بھر میں ناکہ بندی کرادی۔ مغویوں کا تعلق صادق آباد کے علاقہ دھکا کالونی‘ کھوکھر کالونی اور بسم اللہ ٹاؤن کے رہائشی ہیں‘ اغوا ہونیوالوں میں ستار احمد‘ عرفان علی اور شہباز علی شامل ہیں۔ ڈاکوؤں کے بکھرانی گینگ نے تینوں مغوی کھڑے کرکے کہا کہ علاقہ میں ڈاکوؤں کی کمین گاہوں پر ڈرون حملے کے جواب میں کچے کے ڈاکوؤں نے مغوی کرلئے اور زنجیروں میں جکڑ کر پولیس کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور دو ایس ایچ کو ذمہ دار ٹھہرایا اور سی پیک پر حملے کی دھمکیاں دیتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردی‘ پولیس نے مغویوں کی بازیابی کیلئے کارروائی شروع کردی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں