آج کی تاریخ

مشتاق احمد سمیت تمام پاکستانیوں کی رہائی کیلیے بااثر یورپی ملک سے رابطے میں ہیں، نائب وزیر اعظم

اسلام آباد:نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سابق سینیٹر مشتاق احمد سمیت تمام پاکستانیوں کی رہائی کے لیے ایک بااثر یورپی ملک کے ذریعے رابطے کیے جا رہے ہیں۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے بتایا کہ ہماری معلومات کے مطابق مشتاق احمد کو اسرائیلی فورسز نے حراست میں لیا ہے اور ہماری پوری کوشش ہے کہ تمام پاکستانی محفوظ طور پر واپس آجائیں۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ پاکستان اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات نہیں ہیں، اس لیے تیسرے ملک کے ذریعے رہائی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
غزہ میں امن معاہدے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ 20 نکاتی ایجنڈے پر ابتدائی تجاویز پر ترمیمات کی گئی ہیں، لیکن پاکستان نے صرف ترمیم شدہ پلان قبول کیا۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں اس معاملے پر اپنے موقف کو واضح کرتے ہوئے اسرائیل کی بھی تنقید کی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اقوام متحدہ، یورپی یونین اور عرب ممالک غزہ میں جنگ بندی کروانے میں ناکام رہے ہیں، اور امریکہ کے ساتھ مذاکرات کا مقصد غزہ میں فوری جنگ بندی تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اکتوبر میں 40 ممالک کے وزراء پاکستان آئیں گے اور آج 40 ممالک کے سفارتکاروں کے ساتھ اہم اجلاس ہوگا۔
سعودی عرب کے ساتھ معاہدے کے حوالے سے اسحاق ڈار نے کہا کہ حرمین الشریفین کی حفاظت پر جان قربان ہے، اور یہ معاہدہ پی ڈی ایم کے دور سے شروع ہونے والی بات چیت کا نتیجہ ہے جس پر موجودہ حکومت نے تیز رفتاری سے کام کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاہدے کے بعد دیگر ممالک نے بھی دلچسپی ظاہر کی، اور یہ مستقبل میں مسلم امہ کی قیادت کے لیے اہم ثابت ہوگا۔
اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ خط میں شمع جونیجو کا نام شامل نہیں تھا اور آفیشل لیٹر پر میرے دستخط موجود نہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ موجودہ مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس پیر شام پانچ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں