ریاض: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی زیرصدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا گیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق، اجلاس میں مسئلہ فلسطین پر سعودی عرب کے عالمی سطح پر مضبوط مؤقف کی تجدید کی گئی۔ اس موقع پر غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور دیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنائے اور اسرائیل کو جارحیت سے باز رکھنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔
اجلاس میں اسرائیل کو عالمی قوانین اور انسانی حقوق کے اصولوں کی مکمل پاسداری کی تاکید کی گئی۔ سعودی کابینہ نے کہا کہ فلسطینیوں کو ان کے جائز حقوق دلانے کے لیے عالمی سطح پر آواز بلند کی جاتی رہے گی۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب نے حالیہ دنوں میں مختلف عالمی پلیٹ فارمز پر فلسطینی کاز کی بھرپور حمایت کی ہے اور غزہ میں جاری انسانی بحران پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
