آج کی تاریخ

محسن نقوی کی قطری وزیراعظم سے ملاقات، پاک بھارت کشیدگی پر پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے قطر کے وزیراعظم محمد بن عبدالرحمن الثانی سے اہم ملاقات کی، جس میں پاک قطر دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور پاک بھارت کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیرداخلہ نے بھارتی الزامات اور پہلگام واقعے کے تناظر میں پاکستان کے ٹھوس مؤقف سے قطری وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت کے بے بنیاد الزامات نہ صرف علاقائی امن کے لیے خطرہ ہیں بلکہ ان کی آڑ میں سندھ طاس معاہدے پر حملہ کیا جا رہا ہے، جو پاکستان کے لیے زندگی کی حیثیت رکھتا ہے۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی ہے، تاکہ اصل ذمہ داروں کو بے نقاب کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن جارحیت پر خاموش نہیں رہے گا۔
قطری وزیراعظم نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ قطر ہمیشہ سے تنازعات کے پرامن حل کا حامی رہا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
اس موقع پر قطر میں پاکستانی سفیر محمد عامر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں