مسقط: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عمانی وزیر داخلہ سید حمود بن فیصل البوسیدی سے ملاقات کی، جس میں پاک-بھارت حالیہ کشیدگی، علاقائی امن اور دوطرفہ تعلقات پر گفتگو ہوئی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بھارت کی الزام تراشی کی پالیسی خطے میں کشیدگی کو ہوا دے رہی ہے، پاکستان ایک پرامن ملک ہے لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے پاکستان کے اصولی موقف سے عمانی حکام کو آگاہ کیا۔
ملاقات میں ویزا مسائل، انسداد منشیات، پولیس ٹریننگ، اور کوسٹل سیکیورٹی سمیت مختلف امور پر تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ساتھ ہی اسلام آباد اور مسقط کو سسٹر سٹیز قرار دینے کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔
وزیر داخلہ نے عید کے موقع پر پاکستانی قیدیوں کی معافی پر عمانی سلطان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عمان اور پاکستان بھائی چارے اور ہمسائیگی کے مضبوط رشتے میں بندھے ہیں، باہمی اشتراک میں جلد عملی اقدامات نظر آئیں گے۔
اس ملاقات میں پاکستانی سفیر سید نوید صفدر بخاری اور عمانی وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
