آج کی تاریخ

محسن نقوی کی جانب سے چین کے 76ویں قومی دن پر مبارکباد، پاک چین دوستی کو تاریخی قرار

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عوامی جمہوریہ چین کے 76ویں یومِ تاسیس کے موقع پر چینی قیادت، کمیونسٹ پارٹی اور عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے مختصر مدت میں معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کو حقیقت میں بدل کر دنیا کے لیے ایک مثال قائم کی ہے۔
اپنے بیان میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ استقامت، اصول پسندی اور اجتماعی فلاح کے جذبے نے چین کو عالمی سطح پر منفرد مقام دلایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی معاشی، سماجی اور عسکری میدانوں میں شاندار کامیابیاں پورے خطے کے لیے ترقی اور استحکام کا ذریعہ ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ چین کی تاریخ، ثقافت اور حیران کن ترقی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ پاک چین تعلقات ہمیشہ تاریخی، اسٹریٹیجک اور مضبوط شراکت داری پر قائم رہے ہیں، جبکہ سی پیک ان تعلقات کی روشن علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمالیہ کی بلند ترین چوٹیوں سے لے کر قراقرم کی راہوں اور سمندر کی گہرائیوں تک پاک چین دوستی کی لازوال مثالیں موجود ہیں۔ چین نے ہر بحران اور علاقائی تناؤ میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
محسن نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ چین کے ساتھ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی اور مستقل ستون ہیں۔ گوادر سے خنجراب تک اور توانائی سے لے کر مواصلات تک چین نے پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک چین اسٹریٹیجک شراکت داری خطے میں امن، توازن اور ترقی کی بنیاد ہے۔ قومی دن کے موقع پر وہ چینی قوم کی محنت، لگن اور جدت پسندی کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کی مزید کامیابیوں اور ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں