کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لڑکیوں کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر کی بچیوں کے حوصلے، عزم اور ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ بیٹیاں قوم کا فخر اور مستقبل ہیں، اور پیپلز پارٹی ہمیشہ سے اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ ہر بچی کو تعلیم، صحت، تحفظ اور مواقع کی مساوی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ وژن قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو کی سوچ اور محترمہ بینظیر بھٹو کے خواب کا تسلسل ہے۔ ان کے مطابق جب ایک لڑکی تعلیم حاصل کرتی ہے اور خودمختار بنتی ہے تو وہ نہ صرف اپنی زندگی بہتر بناتی ہے بلکہ پوری قوم کی ترقی میں کردار ادا کرتی ہے۔
بلاول بھٹو نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ایک ایسا پاکستان بنائیں گے جہاں ہر بچی کو آگے بڑھنے، سیکھنے اور قیادت کرنے کی آزادی حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ قوم کا روشن مستقبل اس کی بیٹیوں کی کامیابیوں سے جڑا ہوا ہے، اور پیپلز پارٹی کا مقصد ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جہاں ہر لڑکی برابری اور آزادی کے ساتھ اپنے خوابوں کو حقیقت بنا سکے۔








