نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے ملک بھر کی قومی شاہراہوں اور موٹر ویز پر ٹول ٹیکس میں سال کے دوران دوسری مرتبہ اضافہ کر دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق این ایچ اے کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت یکم اپریل سے ٹول ٹیکس میں اضافے کا اطلاق ہوگا۔ نئے نرخوں کے مطابق موٹر کار کے لیے 70 روپے، ویگن کے لیے 150 روپے اور بس کے لیے 250 روپے ٹول ٹیکس وصول کیا جائے گا، جبکہ دو اور تین ایکسل والے ٹرک 300 روپے اور بڑے ٹرک 550 روپے ٹول ادا کریں گے۔
نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے مختلف موٹر ویز پر بھی ٹول ٹیکس میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔ ایم 1 (اسلام آباد تا پشاور) پر کار کا ٹول ٹیکس 500 سے بڑھا کر 550 روپے، ایم 3 (لاہور تا عبدالحکیم) پر 700 سے 800 روپے، ایم 4 (پنڈی بھٹیاں تا فیصل آباد، ملتان) پر 950 سے 1050 روپے کر دیا گیا۔
اسی طرح ایم 5 (ملتان تا سکھر) پر کار کا ٹول 1100 سے بڑھا کر 1200 روپے کر دیا گیا، جبکہ ایم 14 (ڈی آئی خان تا ہکلہ) پر ٹول ٹیکس 600 سے بڑھ کر 650 روپے ہوگیا۔ ای 35 (حسن ابدال، حویلیاں، مانسہرہ) پر موٹر کار کے لیے ٹول ٹیکس 250 سے بڑھا کر 300 روپے مقرر کیا گیا۔
مزید برآں، ان موٹر ویز پر بڑی گاڑیوں کے لیے ٹول ٹیکس کی حد 850 روپے سے لے کر 5750 روپے تک مقرر کی گئی ہے۔
