آج کی تاریخ

عنقریب بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی متوقع، فری مارکیٹ کا اعلان، وزیراعظم 

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے عندیہ دیا ہے کہ جلد ہی ملک میں بجلی کی پیداوار کے لیے ایک فری مارکیٹ کا قیام عمل میں لایا جائے گا، جس سے بجلی کی فراہمی مسابقتی بنیادوں پر ممکن ہوگی اور نرخوں میں مزید کمی آئے گی۔
یہ بات انہوں نے توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور بجلی کے نرخوں میں کمی سے متعلق “انٹیگریٹڈ جنریشن کیپیسٹی ایکسپینشن پلان (IGCEP) 2024-2034” پر منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وزیراعظم کو جامع بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر پلان کا دوبارہ جائزہ لیا گیا، جس کے بعد اس میں متعدد بہتریاں شامل کی گئیں۔
حکام نے بتایا کہ پلان میں موجود 7967 میگا واٹ کے مہنگے منصوبوں کو نکال دیا گیا ہے جبکہ بجلی کے پیداواری منصوبوں کی تکمیل کی تاریخوں میں تبدیلی کے نتیجے میں مجموعی طور پر 17 ارب ڈالر (تقریباً 4743 ارب روپے) کی خطیر بچت ممکن ہوگی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ مستقبل میں درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرتے ہوئے مقامی وسائل اور متبادل ذرائع جیسے سولر، نیوکلیئر اور ہائیڈرو پاور کو ترجیح دی جائے گی۔ اس حکمت عملی سے نہ صرف بجلی سستی ہو گی بلکہ زرِمبادلہ کے ذخائر میں بھی نمایاں بچت ممکن ہو گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کیپیسیٹی پیمنٹس کا بوجھ بھی بتدریج کم کرے گی تاکہ بجلی کی قیمتوں پر دباؤ کم کیا جا سکے۔ انہوں نے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری اور ان کی ٹیم کو 4743 ارب روپے کی ممکنہ بچت پر سراہا اور اسے ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔
وزیراعظم نے دیامر بھاشا ڈیم جیسے بڑے منصوبوں کی فوری تکمیل کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ توانائی منصوبوں میں تاخیر ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے بجلی کی فری مارکیٹ کے قیام کو توانائی کے شعبے میں دیرپا اصلاحات کی طرف اہم قدم قرار دیا۔
اجلاس میں وزرائے کرام اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں