آج کی تاریخ

علیمہ خان کا بڑا بیان: بیرسٹر گوہر بانی کے ہوتے ہوئے پارٹی کی ترجمانی نہیں کرسکتے

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پارٹی کے موجودہ چیئرمین بیرسٹر گوہر، بانی چیئرمین کی موجودگی میں تحریک انصاف کی نمائندگی نہیں کر سکتے۔
انہوں نے بتایا کہ آج جی ایچ کیو کیس کی سماعت تھی، وہ جیل کے باہر تین سے چار گھنٹے موجود رہیں لیکن جج کے احکامات کے باوجود انہیں اندر آنے کی اجازت نہ دی گئی۔ عمران خان نے جج سے درخواست کی کہ ان کی بہن کو اندر بلایا جائے مگر اس پر بھی عمل نہیں ہوا۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو قیدیوں کو دی جانے والی سہولتیں بھی فراہم نہیں کی جا رہیں، نہ انہیں کتابیں دی جا رہی ہیں اور نہ ہی بچوں سے بات کروائی جا رہی ہے، انہیں مکمل تنہائی میں رکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ ملک میں جمہوریت، آئین اور قانون کی حکمرانی کو دفن کر دیا گیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کی مدت مکمل ہونے کے باوجود نیا کمشنر تعینات نہ کرنا موجودہ نظام کی کمزوری کو ظاہر کرتا ہے۔
ان کے مطابق عمران خان نے خبردار کیا ہے کہ نریندر مودی کسی بھی وقت کوئی نئی چال چل سکتا ہے اور بلوچستان میں دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کا امکان ہے۔ اس تناظر میں مودی کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے پاکستان کے مفاد میں اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کے لیے رضامندی ظاہر کی ہے لیکن یہ بھی کہا ہے کہ ان سے اب تک کسی نے رابطہ نہیں کیا اور اگر پارٹی کے اندر سے بھی کوئی غیر مصدقہ دعویٰ کرے تو وہ مسترد ہوگا۔
بیرسٹر گوہر کے آرمی چیف کو فیلڈ مارشل بنانے کے بیان پر علیمہ خان کا کہنا تھا کہ یہ بیان بیرسٹر گوہر کی ذاتی رائے ہے، پارٹی کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ عمران خان کے ہوتے ہوئے گوہر پارٹی کی ترجمانی نہیں کر سکتے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں