اسلام آباد سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے نتائج جاری کر دیے گئے جن میں عاصمہ جہانگیر گروپ نے واضح برتری حاصل کرلی۔
حتمی نتائج کے مطابق ایڈووکیٹ ہارون الرشید 1898 ووٹ لے کر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر منتخب ہوئے جبکہ ملک زاہد اسلم اعوان نے 1915 ووٹ حاصل کر کے سیکرٹری کا عہدہ اپنے نام کیا۔
بلوچستان، خیبر پختونخوا اور پنجاب سے نائب صدور کی تینوں نشستیں عاصمہ جہانگیر گروپ نے جیت لیں، تاہم سندھ سے نائب صدر کی نشست حامد خان گروپ کے ملک خوشحال خان اعوان نے حاصل کی۔
فنانس سیکرٹری کی نشست پر سائرہ خالد راجپوت نے 2049 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری کے عہدے پر سردار طارق حسین نے 1835 ووٹ لے کر کامیابی اپنے نام کی۔
ایگزیکٹو کمیٹی کی 9 نشستوں پر بھی بلوچستان، خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ سے عاصمہ جہانگیر گروپ کے امیدوار منتخب ہوئے، یوں بار الیکشن میں عاصمہ جہانگیر گروپ نے میدان مار لیا۔








