اسلام آباد/لندن: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ زراعت، آئی ٹی، معدنیات، سیاحت اور قابل تجدید توانائی ایسے شعبے ہیں جن میں بیرونی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
وزیراعظم نے لندن سے زوم پر پاکستان میں سرمایہ کاری، معیشت اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ تجارت کو بڑھانا حکومت کی پالیسی کا حصہ ہے تاکہ برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا جا سکے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قابل عمل منصوبوں کی نشاندہی کر کے انہیں فوری طور پر عملی شکل دی جائے اور مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک واضح روڈ میپ اور اصلاحاتی ایجنڈا ترتیب دیا جائے، تاکہ اہداف کو منظم طریقے سے حاصل کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزارتوں کو اہداف تفویض کیے جا چکے ہیں اور تمام زیر تکمیل منصوبے بروقت مکمل کرنے کے لیے وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اقتصادی سرگرمیوں کے روڈ میپ میں نجی شعبے کا کلیدی کردار ہوگا اور ان کی شمولیت یقینی بنائی جائے گی۔
وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جاری معاشی اور اقتصادی اصلاحات نے معیشت کو نئی سمت دی ہے، جس کی بدولت ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
زوم اجلاس میں وفاقی وزراء مصدق ملک، علی پرویز ملک، محمد اورنگزیب، جام کمال، عطا اللہ تارڑ اور احد خان چیمہ شریک ہوئے۔








