کراچی: عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں جمعہ کے روز فی اونس سونا 141 ڈالر مہنگا ہوکر 4 ہزار 358 ڈالر کی نئی بلند ترین سطح پر جا پہنچا، جو سونے کی تاریخ کی ایک اور بڑی چھلانگ قرار دی جا رہی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں اس نمایاں اضافے کے اثرات پاکستان کی مقامی مارکیٹوں میں بھی دیکھے گئے، جہاں صرافہ بازاروں میں فی تولہ 24 قیراط سونا 14 ہزار 100 روپے بڑھ کر 4 لاکھ 56 ہزار 900 روپے تک جا پہنچا۔
اسی طرح فی 10 گرام سونا بھی 12 ہزار 89 روپے کے اضافے کے ساتھ 3 لاکھ 91 ہزار 718 روپے کی نئی بلند ترین قیمت پر پہنچ گیا۔
چاندی کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ ہوا، جس کے مطابق فی تولہ چاندی 167 روپے اضافے سے 5 ہزار 504 روپے جبکہ 10 گرام چاندی 143 روپے اضافے کے بعد 4 ہزار 718 روپے کی سطح پر جا پہنچی۔
ماہرین کے مطابق سال 2026ء تک فی اونس سونا 5 ہزار ڈالر کی حد عبور کر سکتا ہے۔ چین، بھارت، سعودی عرب، دبئی اور برازیل جیسے ممالک کے سینٹرل بینکوں کی بڑھتی ہوئی طلب، جبکہ امریکا، روس اور جرمنی میں گولڈ کوائن کی خریداری کے بڑھتے رجحان نے سونے کو ایک محفوظ سرمایہ کاری کا ذریعہ بنا دیا ہے، جس کے باعث عالمی و مقامی سطح پر اس کی قیمتیں مسلسل نئی بلندیوں کو چھو رہی ہیں۔








