عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں اضافہ مسلسل جاری ہے، اور آج ایک بار پھر قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے بعد سونا نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا ہے۔
تازہ ترین رپورٹ کے مطابق حالیہ دنوں میں امریکا اور دیگر عالمی طاقتوں کے درمیان تجارتی کشیدگی، اور دنیا بھر کے سینٹرل بینکس کی جانب سے اپنے ذخائر کو مستحکم بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر سونے کی خریداری نے سونے کی قیمتوں کو بلند ترین سطح پر پہنچا دیا ہے۔
امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں کمی نہ کرنے کے فیصلے سے عالمی سطح پر مہنگائی اور معاشی سست روی کے خدشات نے سرمایہ کاروں کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار کر دیا ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت فی اونس 59 ڈالر بڑھ کر 3454 ڈالر کی نئی تاریخی سطح پر پہنچ گئی۔
عالمی قیمتوں کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے، جہاں پیر کے روز 24 قیراط فی تولہ سونا 5900 روپے کے اضافے سے 3 لاکھ 63 ہزار 700 روپے پر جا پہنچا، جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔
اسی طرح، فی 10 گرام سونا 5059 روپے کے اضافے کے ساتھ 3 لاکھ 11 ہزار 814 روپے تک پہنچ گیا۔
ادھر، چاندی کی قیمت میں کوئی رد و بدل نہیں ہوا۔ فی تولہ چاندی 3441 روپے اور فی 10 گرام چاندی 2950 روپے پر مستحکم رہی۔
