آج کی تاریخ

سندھ نہری منصوبے پر متحد، کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے: مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نہروں کے منصوبے کے حوالے سے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کی عوام اس متنازعہ اسکیم کے خلاف یک زبان اور پرعزم ہے، اور حکومت سندھ کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام ان نہری منصوبوں کے خلاف احتجاج کی صورت میں اپنے تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں، اور پیپلز پارٹی اس معاملے میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمرکوٹ کے عوام نے ضمنی انتخابات کے ذریعے سازشی قوتوں کو واضح پیغام دیا ہے کہ ان کا اعتماد پاکستان پیپلز پارٹی پر قائم ہے۔ سیہون میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر جو دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ صرف پیپلز پارٹی ہی ان کینالز کی منظوری کو روک سکتی ہے، وہ بالکل درست ثابت ہوا ہے کیونکہ ان نہری منصوبوں کی منظوری نگران حکومت نے ارسا کے ذریعے حاصل کی تھی۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمنٹ میں واضح کیا کہ پیپلز پارٹی ان منصوبوں کی ہرگز حمایت نہیں کرے گی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ حالیہ ضمنی انتخاب میں عوام کی حمایت اور حیدرآباد ڈویژن کا کامیاب جلسہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پیپلز پارٹی کی عوامی پذیرائی برقرار ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ یہ صرف آغاز ہے، جلد ہی سکھر، میرپور خاص، شہید بینظیر آباد اور کراچی میں بھی بڑے جلسے کیے جائیں گے۔
آخر میں وزیراعلیٰ سندھ نے نہروں کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو خوش آمدید کہا اور ان کے موقف کو سراہا، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ کچھ عناصر اس احتجاج کو سیاسی فائدے کے لیے پیپلز پارٹی کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن پارٹی اور قیادت اس معاملے میں عوام کے ساتھ ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں