لودھراں(بیورو چیف سے) قومی سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) ملتان نے جنوبی پنجاب میں آن لائن بیٹنگ ایپلیکیشنز،آن لائن جوااورمیچ فکسنگ کرانے والے گروہ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ۔ کارروائی انکوائری نمبر 1499/25 کے نتیجے میں عمل میں آئی جس میں یہ انکشاف ہوا کہ متعدد غیر قانونی بیٹنگ پلیٹ فارمز عوام کو دھوکادے کر سرمایہ کاری پر مجبور کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق راؤ پرستار علی اور راؤ ماجد علی سکنہ لودھراں اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ BetPro، 1xBet اور Binomo جیسی غیر قانونی بیٹنگ ایپلیکیشنز چلا رہے تھے۔ یہ گروہ سوشل میڈیا پر اشتہارات اور پروموشنل مواد کے ذریعے عوام کو جھانسہ دے کر رقوم وصول کرتا اور بعد ازاں دھوکا دہی سے بھاری نقصان پہنچاتا تھا۔چھاپہ NCCIA ملتان کی ٹیم نے چوک لودھراں میں مارا جہاں راؤ ماجد اپنی فورچیونر کار (نمبری BC-321) میں اپنے ساتھی ثاقب سندھو کے ہمراہ موجود تھا۔ موقع پر اس کے موبائل فون سے ایڈمن پینل اور دیگر incriminating مواد برآمد ہوا۔ راؤ پرستار علی پولیس کے پہنچنے سے قبل اپنے فارم ہاؤس سے فرار ہوگیا۔ تحقیقات سے مزید انکشاف ہوا کہ ثاقب سندھو بھی غیر قانونی لین دین کے لیے اپنا بینک اکاؤنٹ استعمال کر رہا تھا۔ابتدائی شواہد کی بنیاد پر راؤ مجید عباس، راؤ پرستار علی،ثاقب سندھو اور محمد عرفان کو پیکا 2016 (ترمیم شدہ) کی دفعات 13، 14، 16، 25 کے علاوہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 294-B، 419، 420 اور 109 کے تحت نامزد کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مزید شریک ملزمان کے کردار کا تعین تفتیش کے دوران کیا جائے گا۔گینگ نےبچنےکیلئےصحافیوں سمیت دیگر سیاسی ڈیروں پر پیسہ چلاناشروع کردیا، ریٹ مقرر کردیئےہیں۔








