آج کی تاریخ

ریلوے ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، بنیادی ڈھانچے کی ازسرنو تعمیر ناگزیر ہے: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریلوے کا نظام کسی بھی ملک کی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی جیسا ہے اور پاکستان کی صنعتی و اقتصادی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ ریلوے انفراسٹرکچر کو جدید اور پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جائے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت پاکستان ریلوے سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ ریلوے میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں، جبکہ بڑے اسٹیشنز پر جدید سہولیات کے تحت انفارمیشن ڈیسک قائم کیے جا رہے ہیں۔
لاہور، راولپنڈی اور ملتان کے ریلوے اسٹیشنز پر صفائی کا نظام آؤٹ سورس کر دیا گیا ہے، اور خوراک کے معیار کی نگرانی صوبائی فوڈ اتھارٹیز کے تعاون سے کی جا رہی ہے۔ عوام کی سہولت کے لیے کئی بند سروسز دوبارہ بحال کی جا چکی ہیں، جیسے بولان میل، خوشحال خان خٹک اور ڈیرہ غازی خان ایکسپریس۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ سکھر، خانیوال اور کوہاٹ کی کنکریٹ سلیپر فیکٹریز کو آؤٹ سورس کیا جا رہا ہے جبکہ مختلف شہروں کے ریلوے اسپتال، اسکول، کالجز اور ریسٹ ہاؤسز ریونیو شئیرنگ ماڈل پر چلائے جائیں گے۔
لاہور میں واقع رائل پام گالف اینڈ کنٹری کلب کی نیلامی کی جا رہی ہے، جہاں فائیو اسٹار ہوٹل بنانے کی صلاحیت موجود ہے۔ ریلوے کو ڈیجیٹل نظام پر لانے کے لیے IT ڈائریکٹوریٹ کی ری اسٹرکچرنگ جاری ہے، اور ٹرینوں میں مفت وائی فائی سروس فراہم کی جا رہی ہے۔
155 اسٹیشنز کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا رہا ہے، جس سے حکومت کو کروڑوں روپے کی بچت متوقع ہے۔ رائٹ سائزنگ پالیسی کے تحت 17101 آسامیاں ختم کی جا چکی ہیں، جبکہ مزید 5695 آسامیاں ختم کرنے کا منصوبہ ہے۔
مزید بتایا گیا کہ حکومت پنجاب کے اشتراک سے لاہور-راولپنڈی ہائی اسپیڈ ٹرین، اسٹیشن اپ گریڈیشن، اور 8 برانچ لائنوں پر سب اربن سروسز پر کام ہو رہا ہے۔ گرین بیلٹ اور پھل دار درختوں کی شجرکاری بھی منصوبے کا حصہ ہے۔
بلوچستان میں سریاب-کچلاک اور کوئٹہ-چمن ریلوے سیکشنز کی اپ گریڈیشن کی جائے گی، جبکہ وزیراعظم نے گوادر کو ریلوے نیٹ ورک سے منسلک کرنے کی رفتار بڑھانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ وزیراعظم نے ریلوے میں جاری ترقیاتی کاموں اور اصلاحات پر وفاقی وزیر حنیف عباسی کی کاوشوں کو سراہا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں