آج کی تاریخ

جی ایچ کیو حملہ کیس: عمران خان اور وکلاء کا ویڈیو لنک ٹرائل کا بائیکاٹ، عدالت نے ذاتی پیشی کی درخواست مسترد کر دی

راولپنڈی: جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے دوران بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے ویڈیو لنک ٹرائل کا بائیکاٹ کر دیا اور ویڈیو لنک بند کر دیا، جبکہ ان کے وکلاء بھی احتجاجاً کمرہ عدالت سے باہر چلے گئے۔ عدالت نے عمران خان کو ذاتی حیثیت میں پیش کرنے کی درخواست مسترد کر دی اور قرار دیا کہ وہ پنجاب حکومت کے نوٹیفکیشن کے مطابق ویڈیو لنک پر ہی پیش ہوں گے۔
سماعت کے دوران 13 یو ایس بیز میں موجود ویڈیو کلپس اور اخباری تراشے عدالت میں پیش کیے گئے، جن میں عمران خان اور دیگر رہنماؤں کی ویڈیوز شامل تھیں۔ گواہوں نے بتایا کہ شواہد سی سی ٹی وی کیمروں اور مختلف ذرائع سے حاصل کیے گئے۔ عدالت نے مزید 10 گواہوں کو آئندہ پیشی پر طلب کر لیا۔
وقفے کے بعد جیل حکام کو ویڈیو لنک تیار رکھنے کی ہدایت دی گئی، تاہم عمران خان نے وکلاء کے مشورے پر سماعت کا مکمل بائیکاٹ کر دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ بائیکاٹ کے باوجود کارروائی آگے بڑھے گی اور گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے۔
عدالت کے باہر عمران خان کے وکیل فیصل ملک نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ویڈیو لنک ٹرائل غیر قانونی ہے، یہ فیئر ٹرائل کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے، اور ہم اس نوٹیفکیشن کو ہائیکورٹ میں چیلنج کر رہے ہیں۔
سماعت کے موقع پر عدالت کے اطراف سخت سیکیورٹی اقدامات کیے گئے، 700 سے زائد اہلکار تعینات رہے اور اہم راستے بند کر دیے گئے۔ کیس کی آئندہ سماعت 23 ستمبر کو ہوگی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں