آج کی تاریخ

تیس بور ہتھیاروں کا پسندیدہ ہتھیار؟ سی سی ڈی کی ہر کاروائی میں بر آمدگی سوالیہ نشان

ملتان(عدنان فاروق قریشی سے)پنجاب میں جرائم کو کنٹرول کرنے کے لئے نئے بنائے جانیوالے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ(سی سی ڈی)ملتان کی گزشتہ دو ماہ کی کارروائیوں کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک یا زخمی ہونے والے خطرناک ترین ڈاکوؤں اور سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کا سب سے پسندیدہ ہتھیار 30 بور کا پرانا پستول ہی سامنے آیا ہے۔سی سی ڈی کے مبینہ مقابلوں کے دوران ملتان ریجن کے مختلف تھانوں کی حدود میں اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک یا زخمی ہونے والے ملزمان کے قبضہ سے خطرناک اور جدید ہتھیاروں کے بجائے 30 بور کے پسٹل ہی عجیب و غریب اتفاقیہ طور پر برآمد ہوئے ہیں اور ریکارڈ میں لائے گئے۔اس میں کوئی شک نہیں کہ سی سی ڈی کی پے در پےکارروائیوں کے نتیجہ میں ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتوں میں کافی حد تک کمی واقع ہوئی ہےمگر 30 بور کی برآمدگی تمام تر معاملات کی بوریت میں اضافہ کررہی ہے۔یہ عجیب اتفاق ہے کہ چند سال قبل پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری ٹھوکر نیاز بیگ کے ڈی جی ڈاکٹر اشرف طاہر نے ایک بریفنگ میں پولیس افسران کو بتایا تھا کہ پولیس کی جانب سے جو اسلحہ برآمد کرکے جمع کرایا گیا جب انکا لیبارٹری میں تجزیہ کرایا گیا تو یہ بات سامنے آئی کہ ایک ہی پسٹل تھانہ صدر پتوکی،تھانہ صدر شیخوپورہ،تھانہ سٹی قصور،تھانہ فیکٹری ایریا شیخوپورہ اور تھانہ سید والا ننکانہ میں مختلف ملزمان سے مختلف وارداتوں میں حیران کن طور پر برآمد ہو چکے ہیں۔انہوں نے بریفنگ میں پولیس افسران کو مقدمات درج کرکے اسلحہ برآمدگی کرتے وقت خاص احتیاط برتنے کی ہدایات کی تھیں بصورت دیگر ملزمان عدالتوں سے باآسانی رہا ہو جائیں گے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں