آج کی تاریخ

بیلاروس میں پاکستانیوں کے لیے تقریباً 2 لاکھ نوکریاں، حکومت کی بڑی پیش رفت

اسلام آباد: بیلاروس میں پاکستانیوں کے لیے ملازمتوں کے وسیع مواقع سے متعلق حکومت پاکستان کی جانب سے ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانیوں کے اجلاس میں بتایا گیا کہ بیلاروس میں پاکستانیوں کے لیے مختلف شعبوں میں ایک لاکھ 98 ہزار سے زائد اسامیاں دستیاب ہیں۔
اجلاس کی صدارت سینیٹر ذیشان خانزادہ نے کی، جس میں اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق اہم معاملات زیر غور آئے۔ اجلاس میں سیکرٹری اوورسیز پاکستانیز نے بتایا کہ ان ملازمتوں کا تعلق انڈسٹری، زراعت، ہاؤسنگ اور نان اسکولز سے ہے، اور امیدواروں کو روسی زبان سکھانے کا عمل نمل یونیورسٹی کے ذریعے جاری ہے۔
سیکرٹری نے یہ بھی واضح کیا کہ آج کی دنیا ہنر مند افراد کی تلاش میں ہے اور یورپی ممالک، خاص طور پر بیلاروس اور اٹلی، سیزنل لیبر کے لیے پاکستان پر اعتماد کر رہے ہیں۔ بیلاروس میں فی الحال کم از کم تنخواہ 7 ڈالر یومیہ مقرر ہے۔
چیئرمین کمیٹی نے جب پاکستانیوں کے جانے کی ممکنہ تاریخ پوچھی تو سیکرٹری نے بتایا کہ بیلاروس کی ویب سائٹ کھلی ہوئی ہے اور پاکستانی امیدوار براہِ راست اپلائی کر سکتے ہیں، جبکہ اگلے دو ماہ میں دونوں ممالک کے درمیان ایم او یو بھی متوقع ہے۔
اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے صحت سہولت پروگرام پر بھی بریفنگ دی گئی۔ سی سی او محمد ارشد نے بتایا کہ اب تک 1.5 کروڑ سے زائد افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا چکے ہیں، اور یہ پیکیج وزیراعظم سے لے کر عام شہری تک سب کے لیے یکساں ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں