ملتان(واثق رئوف)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی قبضہ مافیا سے قیمتی ریلوے اراضی واگزار کروانے کی زیرو ٹالرنس پالیسی کو انہی کی جماعت کے سپورٹر بلال چنڑ نے ریلوے ملتان ڈویژن میں روند کر رکھ دیا۔بہاولپور میں ہائوسنگ سوسائٹی مالکان کو15کروڑ 84لاکھ روپے مالیت کی16کنال رہائشی ریلوے اراضی پر قبضہ کروا دیا۔ہائوسنگ سوسائٹی انتظامیہ نے کالونی کے نام پر ریلوے اراضی کے پلاٹ کی فائلیں بنا کر فروخت بھی کرڈالیں۔ڈویژنل ریلوے انتظامیہ خاموش تماشائی بن کر رہ گئی۔بلال چنڑ کو مسلم لیگ ن کے ممبر قومی اسمبلی اقبال چنڑ کی سپورٹ حاصل ہے۔ذرائع کے مطابق ظہیر احمد اور عادل مناف نامی اشخاص کوممبرقومی اسمبلی اقبال چنڑ کے کار خاص بلال چنڑنے بہاولپور ریلوے سٹیشن سے700میٹر کے فاصلہ پر17ایکڑ اراضی خرید کرکے دی جس کے بعد محکمہ ایجوکیشن کے نام پر ایجوکیشن بورڈ ایمپلائز ہائوسنگ اسکیم کے نام سے ترقیاتی کام اور فائلوں کی فروخت کا عمل شروع کردیاگیا۔جبکہ سکیم کی منظوری کے لئے ٹی ایم اے کو 17ایکڑ ہائوسنگ اسکیم کی درخواست بھی جمع کروا دی گئی۔ جو دو سال سےزائد عرصہ گزر جانے کے باوجود منظور نہ ہوسکی ہے۔دوسری طرف17ایکڑ کےبجائے46ایکڑ پر پلاٹ کاٹ کر فائلوں کی صورت فروخت شروع کردی گئی۔ذرائع کے مطابق اس46ایکڑ میں2ایکڑ ریلوے اراضی کو بھی شامل کرکے اس کےپلاٹ بنا کر4لاکھ95ہزار روپے فی مرلہ کےحساب سے فائلیں فروخت کی جارہی ہیں۔مجموعی طور پر ریلوےکی320مرلہ اراضی کو15کروڑ84لاکھ روپے میں غیر قانونی طور پر فائلوں کی صورت فروخت کیاگیا ہے۔اس سارے عمل میں ہائوسنگ اسکیم مالکان کو ن لیگ کے سپورٹر بلال چنڑ کی سرپرستی حاصل ہے۔جنہوں نے نہ صرف مذکورہ ہائوسنگ سکیم کی17ایکڑ اراضی خریداری میں کردار ادا کیا۔بلکہ ریلوے کی اراضی پر قبضہ کروا کر اس سے بھی سکیم میں شامل کروا دیا۔دوسری طرف مسلسل شکایات کے باوجود ٹی ایم اے سمیت وفاقی و صوبائی کسی محکمہ کو کسی قسم کی کارروائی بھی نہیں کرنے دی جارہی۔بتایاجاتا ہے کہ مذکورہ سکیم میں بلال چنڑ خاموش پارٹنر ہیں۔شہری،تاجر،سیاسی تنظیموں ریلوے ملازمین نے وفاقی وزیر برائے ریلوےحنیف عباسی،کمشنر،بہاولپور دیگر وفاقی و صوبائی ذمہ دران سے ایجوکیشن بورڈ آف ایمپلائز ہائوسنگ سکیم کے غیر قانونی ریلوے اور دیگر اراضی پر قبضہ جیسےمعاملات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔تاکہ عوام فراڈ اسکیم میں اپنی جمع پونجی لٹانے سے بچا سکے۔دوسری جانب ایجوکیشن بورڈ ایمپلائز ہائوسنگ اسکیم مالکان ظہیر ارائیں اور عادل مناف سے ان کے موبائل نمبر پر موقف کے لئے رابطہ کی کوشش کی گئی ان کے واٹس ایپ پر موقف کے حصول کے لئے پیغام بھی چھوڑا گیا تاہم انہوں نے موقف کے کئے نہ ہی کال اٹیننڈ کی اور نہ ہی واٹس ایپ پیغام کا جواب دیا۔
