آج کی تاریخ

بھارت کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر 

لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کی ترقی کو برداشت نہیں کر پا رہا۔
شیخوپورہ میں ایک ٹریکٹر ساز کمپنی کے دورے کے دوران انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی قربانیوں سے ملک میں امن قائم ہے، اور پہلگام واقعہ ایک سوچی سمجھی ڈرامہ بازی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت الزام تراشی کی بجائے پہلگام حملے کے ٹھوس شواہد پیش کرے، کیونکہ پاکستان دشمن کے ہر جارحانہ اقدام کا مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
گورنر کا کہنا تھا کہ سرحدوں پر موجود ہمارے سپاہی تنہا نہیں، پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے فوجی قیادت کو بہادر اور مدبر قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔
مزید کہا کہ پاکستان میں آٹو انڈسٹری تیزی سے ترقی کر رہی ہے، اور حکومت الیکٹرک گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی ملک کی معاشی بنیاد مضبوط کرنے کے لیے ناگزیر ہے، جبکہ نوجوان ہر میدان میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ محنت کش طبقے کی نمائندہ رہی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں