آج کی تاریخ

بچوں کا خون بہانے والے بھارت کو خمیازہ بھگتنا ہوگا: وزیر اعلیٰ پنجاب

لاہور (نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھارتی جارحیت پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے کمسن بچوں سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر درندگی اور بزدلی کا ثبوت دیا ہے۔ یہ کھلی جارحیت ہے جس کا بھارت کو سخت خمیازہ بھگتنا ہوگا۔
انہوں نے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاک فوج کے بروقت اور مؤثر ردعمل کو سراہا اور بہادری سے دشمن کے ڈرونز مار گرانے پر افواجِ پاکستان کو سلام پیش کیا۔
وزیراعلیٰ نے پولیس، ریسکیو، سول انتظامیہ اور فضائیہ کے فوری ایکشن کی تعریف کی اور متعلقہ اداروں کو ہر وقت الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے زخمی شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی اور افسران کو علاج کی مکمل نگرانی کا حکم دیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پوری قوم اپنی افواج کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ بھارت کا غرور خاک میں مل چکا ہے، اس کے جدید رافیل طیارے زمینی ملبہ بن چکے ہیں۔ بھارتی پائلٹس دنیا بھر میں نااہلی کی مثال بن چکے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بھارت عام شہریوں کو نشانہ بنا کر اپنی عبرتناک شکست کا بدلہ لے رہا ہے لیکن شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، ہر قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ بھارت نے پانی کے ذخائر پر حملہ کر کے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑائی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، اور بہادر سپاہیوں کی قربانیوں سے دشمن کے ہر غرور کو پاش پاش کیا جاتا رہے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں