اسلام آباد: پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا ہے کہ برطانیہ پاکستان کی معیشت کو 2 ٹریلین ڈالر کی سطح تک پہنچانے میں عملی شراکت داری کے لیے تیار ہے۔
لیڈرز ان اسلام آباد بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برطانیہ دنیا کی تیسری بڑی معیشت اور مالیاتی خدمات کا سب سے بڑا عالمی فراہم کنندہ ہے، اور وہ پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کو مزید گہرا کرنا چاہتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود ہے اور اگر اصلاحاتی ایجنڈا اسی طرح جاری رہا تو پاکستان 2 ٹریلین ڈالر کی معیشت بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ برطانیہ آئی ایم ایف کے تحت پاکستان کے اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے اور ان میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔
جین میریٹ نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تجارتی تعلقات 4.4 ارب پاؤنڈ کی سطح پر پہنچ چکے ہیں، اور آئندہ برسوں میں انہیں 10 ارب پاؤنڈ تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ پاکستان میں تعلیم، صحت، توانائی، انجینئرنگ اور کلین انرجی جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری اور اصلاحات پر کام کر رہا ہے، جبکہ ریکوڈک جیسے بڑے منصوبوں میں بھی پارٹنر ہے۔
آخر میں ہائی کمشنر نے کانفرنس کے آرگنائزر اظفر احسن کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے عالمی ماہرین کو پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا۔
