اسلام آباد: وفاقی حکومت نے معرکۂ حق اور آپریشن “بنیان مرصوص” میں دشمن کو فیصلہ کن شکست دینے اور ملکی خودمختاری کا کامیابی سے دفاع کرنے پر ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ اجلاس میں کئی اہم فیصلے کیے گئے جن میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری بھی شامل ہے۔
بیان میں بتایا گیا کہ 6 اور 7 مئی کی شب بھارت نے پاکستان پر بلا اشتعال حملہ کیا جس کا پاک افواج نے منہ توڑ جواب دیا۔ دشمن کی جارحیت کے باوجود مسلح افواج نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور شجاعت سے ملک کا بھرپور دفاع کیا۔
کابینہ نے اس دوران ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قائدانہ صلاحیتوں اور پاک فضائیہ کی مؤثر کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کی خدمات کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج، شہدا، غازیوں اور اُن شہریوں پر فخر کرتی ہے جنہوں نے دشمن کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنانے میں کردار ادا کیا۔ کابینہ نے فیصلہ کیا کہ آپریشن بنیان مرصوص کے ہیروز کو اعلیٰ اعزازات سے نوازا جائے گا۔
