راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے 11 مقدمات کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے نئی تاریخ 15 اکتوبر مقرر کر دی ہے۔ عدالت نے ہدایت کی ہے کہ آئندہ پیشی پر تمام کیسز میں ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔
سماعت کے دوران ملزمان کی حاضری مکمل کی گئی جبکہ جن افراد کو تاحال چالان نقول فراہم نہیں ہوئی تھیں، انہیں نقول تقسیم کر دی گئیں۔
9 مئی کے کیسز میں جی ایچ کیو گیٹ 4 پر حملہ، آرمی میوزیم پر حملہ، حساس عمارتوں کو آگ لگانے اور میٹرو اسٹیشن جلانے جیسے واقعات بھی شامل ہیں۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ آزاد کشمیر میں جاری تحریک پر اربابِ اختیار کو فوری توجہ دینی چاہیے، کیونکہ یہ ایک حساس معاملہ ہے اور پاکستان کی سیاست کا محور ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے وقت وہ ملک میں موجود نہیں تھے۔ ابھی صرف حاضری ہو رہی ہے، گواہوں اور شہادتوں کے بعد ہی اصل صورتحال واضح ہوگی۔








