آج کی تاریخ

امید ہے عمران خان عید سے پہلے رہا ہوں گے، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے امید ظاہر کی ہے کہ عمران خان کا کیس جلد طے پا جائے گا اور وہ عید سے قبل رہائی پا لیں گے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں سینیٹر شبلی فراز کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پارٹی کارکنوں کو اپنے جذبات قابو میں رکھنے کی ضرورت ہے، کیونکہ پارٹی قیادت عمران خان کی رہائی کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے احتجاج کیے، دھرنے دیے، اور پارلیمنٹ میں بھی آواز بلند کی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ کارکنوں کی جانب سے سوالات اٹھانا جائز ہے اور ہم ان کے جذبات کی قدر کرتے ہیں، لیکن کوئی بھی یہ نہیں سوچ سکتا کہ عمران خان نے دو سال جیل میں کیوں گزارے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ہمیشہ اللہ سے مدد مانگتے ہیں اور ہر مشکل کا حل اللہ کی مدد سے نکلتا ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ گذشتہ دو سالوں میں نہ صرف ہمارے کارکن بلکہ عدلیہ بھی مسلسل دباؤ میں ہے، فیصلے بار بار لکھے جا رہے ہیں۔ ہم ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں کہ عمران خان کے مقدمات میرٹ پر سن کر ان کا جلد فیصلہ کیا جائے۔
اس موقع پر سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہا کہ قائم مقام چیف جسٹس نے بیرسٹر گوہر اور لطیف کھوسہ سے وعدہ کیا تھا کہ رواں ہفتے عمران خان کی درخواستیں مقرر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ وعدہ معمولی نہیں ہے، بلکہ چیف جسٹس کی جانب سے کیا گیا ہے جس میں کوئی نہ کوئی وزن ضرور ہے۔
شبلی فراز نے مزید کہا کہ انصاف کے دروازے بند کرنا معاشرتی عدم استحکام کا سبب بنتا ہے۔ انصاف کے متلاشی افراد عدالتوں میں آتے ہیں اور اگر ان کے ساتھ انصاف نہ کیا جائے تو یہ زیادتی ہوگی۔ ہم آئین و قانون پر یقین رکھتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر دباؤ ڈالتے رہیں گے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی وجہ سے ہوئی، جس سے ان جماعتوں نے اپنی سیاست کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی عمران خان رہا ہوں گے، موجودہ حکومت کا خاتمہ ہو جائے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں