بہاولپور ( کرائم سیل) احمد پور شرقیہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے صاف ستھرا پنجاب پروگرام کے لیے IFCO نامی ٹھیکیدار کمپنی حکومتی پروگرام کو ناکام کرنے کی کوششوں میں مصروف، کوڑا اور کچرا کے نام پر مٹی شامل کرکے کروڑوں روپے کا سرکاری خزانہ کو ٹیکا، ٹنوں کے حساب سے مٹی کو کوڑا کچرا ظاہر کرکے ڈمپنگ اسٹیشن میں دفن کر دیا گیا، مبینہ کرپشن کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے والوں میں سیاست دانوں، مقامی و ضلعی انتظامیہ سمیت بیوروکریٹس کی بھی شراکت داری کا انکشاف، اہم ثبوت “قوم” نے حاصل کر لیے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز انکوائری اور آڈٹ کروائیں تو حقائق سامنے آ جائیں گے، ذرائع۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کی سب سے بڑی تحصیل احمد پور شرقیہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ستھرا پنجاب مبینہ کرپشن کا گڑھ بن گیا ہے، فرضی بلز ، ورکرز تنخواہوں میں بلاوجہ کٹوتیاں، ورکرز کی مجبوریوں سے فائدہ اٹھا کر انکا استحصال اور حکومت سے تحصیل بھر کو صاف ستھرا کرنے کے ٹھیکہ اخراجات میں بڑے پیمانے پر ہیر پھیر نے IFCO کمپنی کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے، ورکرز نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پہ انکشافات کی بھرمار کرتے ہوئے بتایا کہ کنٹریکٹر نے ستھرا پنجاب پروگرام میں بڑے پیمانے پر گھپلے کر رکھے ہیں، روزانہ ڈمپنگ پوائنٹ پر جاتے منی ٹرکوں میں دس بیس فیصد کچرا جبکہ بقیہ اسی فیصد مٹی کی مکسنگ کرکے وزن بڑھایا جا رہا ہے اور یوں مٹی کو سونے کے بھاؤ حکومت کو فروخت کرکے راتوں رات لاکھوں اور کروڑوں کی گیمز کی جارہی ہیں، جبکہ اس عمل میں مذکورہ کمپنی کے تقریباً کچھ ملازمین اپنا معقول حصہ لیکر خاموش معاون اور ایک بڑی تعداد نوکری سے نکالے جانے کی دھمکیوں کے آگے بے بس و لاچار اس کرپشن میں بحالت مجبوری شامل ہیں، مذکورہ کمپنی کے کنٹریکٹر بارے یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ حکومتی ایوانوں میں بیٹھے بڑے بڑے سیاست دان انکی مٹھی میں ہونے کے باعث انکے خلاف کسی قسم کی کاروائی یا ایکشن نہیں لیا جاتا، ملتان کے بااثر مافیا بھی کنٹریکٹر کی پشت پناہی میں بتائی جاتے ہیں۔ زرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ مذکورہ کمپنی کا کنٹریکٹر واضح کہتا ہے کہ وہ مقامی میڈیا، تحصیل انتظامیہ و ضلعی انتظامیہ کو ماہانہ لاکھوں روپے بطور بھتہ بھی دیتا ہے۔ دوسری طرف تاحال ضلعی انتظامیہ بھی مجرمانہ خاموشی اپناتے ہوئے سب اچھا کی رپورٹس وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ و اسپیشل سیل برانچ ستھرا پنجاب پروگرام تک باہم پہنچانے میں لگے ہوئی ہے۔ دوسری جانب کنٹریکٹر ملک محمد عارف سے موبائل نمبر 03000999423 پر رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر رابطہ نہ ہوسکا۔









