آج کی تاریخ

اب سندھ میں خواجہ سرا بھی کھیلیں گے کرکٹ؟

سکھر میں جمعہ کے روز خواجہ سراؤں کے لیے ایک منفرد اور خوش آئند اسپورٹس ایونٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں کرکٹ میچ اور رسہ کشی جیسے دلچسپ مقابلے شامل ہوں گے۔ یہ ایونٹ سندھ حکومت کے محکمہ کھیل کی جانب سے منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد خواجہ سراؤں کو مثبت سرگرمیوں میں شامل کرنا اور انہیں معاشرے کا فعال حصہ بنانا ہے۔
سیکریٹری اسپورٹس عبد العلیم لاشاری کے مطابق، سکھر اور خیرپور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے 35 خواجہ سرا اس ایونٹ میں بھرپور شرکت کریں گے۔ کرکٹ میچ جمعہ کی شام 7 بجے میونسپل اسٹیڈیم سکھر میں فلڈ لائٹس کی روشنی میں کھیلا جائے گا، جس میں خواجہ سرا صبا شاہ اور سویرا بلوچ کی قیادت میں دو ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
اس تفریحی اور دوستانہ ماحول میں اگلے روز ہفتے کو رسہ کشی کا مقابلہ بھی منعقد ہوگا، جس میں حصہ لینے والے خواجہ سراؤں کو خصوصی اسپورٹس سوٹ اور یومیہ الاؤنس بھی فراہم کیا جائے گا۔
یہ ایونٹ نہ صرف خواجہ سراؤں کی جسمانی سرگرمیوں کے فروغ کا ذریعہ بنے گا بلکہ ان کے لیے اعتماد، خودداری اور معاشرتی شمولیت کا پیغام بھی ثابت ہوگا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں