برج حمل سے حوت تک 13 سے 19 اپریل 2025 آپ کا یہ ہفتہ کیسا رہے گا ؟
برج حمل (Aries)
یہ ہفتہ ابتدا میں صحت کے حوالے سے کچھ بہتر نہیں ہے۔ اپنی قیمتی اشیاء کی حفاظت بہت ضروری ہے۔ اگر کسی سے قرض لیا ہے تو اس کی واپسی میں دقت ہو سکتی ہے۔ ہفتے کا درمیانی حصہ تعلقات میں بہتری لائے گا، خاص طور پر ایسے افراد کے لیے جو شادی کے خواہاں ہیں۔ شادی شدہ افراد کے لیے بھی معاملات میں بہتری کے آثار ہیں۔ خریداری کا رجحان رہے گا، مگر ہفتے کے آخری دنوں میں رکاوٹیں، مایوسی اور نااُمیدی پیدا ہو سکتی ہے۔ ہفتے کے اختتام پر صدقہ ضرور دیں۔
برج ثور (Taurus)
ہفتے کی ابتدا محبت اور دوستی کے رنگ لیے ہوئے ہے۔ دوستوں سے ملاقات ممکن ہے۔ اسٹاک یا انعامی اسکیموں میں دلچسپی رکھنے والوں کے لیے اچھا وقت ہے۔ لیکن یہ کیفیت صرف پہلے دو دنوں تک محدود ہے۔ باقی ہفتہ صحت کے مسائل، مالی پریشانی اور لوگوں سے جھگڑے جیسے حالات کا امکان رکھتا ہے۔ قریبی رشتہ داروں یا شریک حیات سے اختلافات ہو سکتے ہیں۔ قیمتی اشیاء کی حفاظت ضروری ہے۔
برج جوزا (Gemini)
یہ ہفتہ خاندان کے معاملات میں دلچسپی بڑھائے گا۔ گھر میں مہمان آ سکتے ہیں۔ مالی معاملات مستحکم رہیں گے اور کوئی قیمتی چیز خریدنے میں کامیابی مل سکتی ہے۔ ہفتے کا درمیانی حصہ بیروزگار افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرے گا۔ کیریئر میں بہتری اور نفع کا امکان ہے۔ دوستوں یا مشیر سے ملاقات ہو سکتی ہے۔ محبوب سے بھی رابطہ ممکن ہے۔ مگر ویک اینڈ پر صحت متاثر ہو سکتی ہے، چکنائی اور بدپرہیزی سے بچیں۔
برج سرطان (Cancer)
ہفتے کا آغاز سفر یا اندرونی مصروفیات کے ساتھ ہوگا۔ نیند کی کمی ممکن ہے۔ بہن بھائیوں کے ساتھ تعلقات میں بہتری آئے گی۔ ہفتے کے وسط میں خاندان سے ملاقات، پراپرٹی، گاڑی یا مکان کی مرمت و تبدیلی سے متعلق معاملات سامنے آ سکتے ہیں۔ بیروزگار افراد کے لیے روزگار کے امکانات ہیں۔ تاہم 18 اور 19 اپریل کو صحت کے مسائل جیسے سر درد یا دل کی دھڑکن تیز ہونے کی شکایت ہو سکتی ہے۔
برج اسد (Leo)
ہفتے کا آغاز مالی استحکام کی نوید دیتا ہے۔ الفاظ کا چناؤ سوچ سمجھ کر کریں تاکہ کسی سے رنجش نہ ہو۔ رشتہ داروں سے ملاقات ممکن ہے یا کسی بیمار کی عیادت کا موقع آ سکتا ہے۔ ہفتے کے درمیانی دنوں میں سفر اور مصروفیت بڑھ سکتی ہے جس کی وجہ سے نیند کا دورانیہ متاثر ہو سکتا ہے۔ بیرون ملک جانے کے خواہاں افراد کو تاخیر کا سامنا ہوگا۔ ویک اینڈ پر گھریلو جھگڑے کا امکان ہے، احتیاط کریں۔
برج سنبلہ (Virgo)
ہفتے کا آغاز خود اعتمادی، حوصلہ افزائی اور صحت یابی کے ساتھ ہوگا۔ دوستوں یا مشیر سے ملاقات اور دل کی بات کہنے کا موقع ملے گا۔ سیر و تفریح کا ارادہ بن سکتا ہے۔ ہفتے کا درمیانی حصہ مالی استحکام لائے گا، خوش خوراکی بھی متوقع ہے۔ بچپن کے دوستوں سے ملاقات ہو سکتی ہے۔ مجموعی طور پر یہ ہفتہ مالی طور پر بہتر ہے۔ لیکن ہفتے کے آخری دنوں میں ذہنی الجھن، الجھی ہوئی کیفیت اور بے مقصدیت محسوس ہو سکتی ہے۔
برج میزان (Libra)
ہفتے کا آغاز غیر متوقع اخراجات اور بغیر بلائے مہمانوں کی آمد سے ہوگا۔ لوگوں سے مزاج نہ ملنے کی وجہ سے کم گفتگو کا رجحان ہو گا۔ درمیانی ایام میں آپ کم وقت میں زیادہ کام کرنے کی کوشش کریں گے۔ بیروزگار افراد کے لیے خوشخبری ہے۔ غیر شادی شدہ افراد کے لیے بھی آسانیاں ممکن ہیں۔ گھر سے باہر کھانے پینے کا رجحان رہے گا۔ ویک اینڈ میں اخراجات دوبارہ بڑھ سکتے ہیں اور رشتہ داروں سے جھگڑے کا امکان ہے۔
برج عقرب (Scorpio)
ہفتے کا آغاز نفع، میل جول، تقریبات میں شرکت اور سماجی سرگرمیوں سے ہو گا۔ مستقبل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ممکن ہے۔ بچوں کی طرف توجہ بڑھے گی۔ درمیانی ایام میں اخراجات میں اضافہ ہوگا۔ دھوکہ یا فریب کا امکان ہے۔ بیرون ملک جانے کے خواہشمند افراد کے لیے آسانی ہے۔ تاہم ہفتے کے اختتام پر صحت ساتھ نہیں دے گی، جس سے بے چینی بڑھ سکتی ہے۔
برج قوس (Sagittarius)
ہفتے کی ابتدا بیروزگار افراد کے لیے روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرے گی۔ ترقی اور پروموشن کا امکان ہے۔ دوسروں سے کام لینا آسان ہو گا۔ کسی اہم شخصیت سے ملاقات ممکن ہے۔ ہفتے کے درمیانی حصے میں محبوب سے ملاقات اور تقریب میں شرکت ممکن ہے۔ روحانیت کا رجحان بڑھے گا۔ مستقبل سے متعلق مثبت فیصلے کرنے کا وقت ہے۔ ویک اینڈ پر اخراجات بڑھ سکتے ہیں اور تنہائی یا نسبت کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
برج جدی (Capricorn)
ہفتے کا آغاز خوابوں کی تعبیر جاننے کی خواہش اور مستقبل سے متعلق اشاروں کے ساتھ ہوگا۔ وقت آپ کا ساتھ دے رہا ہے، جس کام میں ہاتھ ڈالیں گے آسانی ملے گی۔ بہن بھائی اور والدین کا تعاون حاصل ہو گا۔ درمیانی ایام میں کاروبار میں تیزی آئے گی، مہمان داری کا موقع ہو سکتا ہے۔ تعلیم و مطالعہ میں دلچسپی بڑھے گی۔ اختتام ہفتہ پر بہن بھائیوں سے یا دوستوں سے رنجش کا امکان ہے۔ بچوں کی صحت یا ان کی بدتمیزی باعث تشویش ہو سکتی ہے۔ محبوب سے بھی جھگڑا ہو سکتا ہے۔
برج دلو (Aquarius)
لب و لہجے میں تلخی کی وجہ سے دوسروں کا دل دکھ سکتا ہے اور تعلقات خراب ہو سکتے ہیں۔ رشتہ داروں سے ناراضی یا آپ کا ان سے ناراض ہونا ممکن ہے۔ سنی سنائی باتوں پر یقین نہ کریں۔ ہفتے کا درمیانی حصہ آپ کی قسمت اور وقت کو سنوارے گا۔ اگر بدھ یا جمعرات کو خواب دیکھیں تو اس کی تعبیر ضرور معلوم کریں۔ بیرون ملک جانے والوں کے لیے معاملات میں آسانی کے آثار ہیں۔ ویک اینڈ پر کاموں میں رکاوٹ اور مزاج میں بے یقینی ہو سکتی ہے۔
برج حوت (Pisces)
غیر شادی شدہ افراد کی بات چیت یا رشتہ طے ہونے کے امکانات ہیں۔ گھر سے باہر کھانے پینے کا رجحان رہے گا۔ 13 اور 14 اپریل کو ضروری خریداری کریں۔ رشتوں میں بہتری آئے گی۔ بچوں کی طرف توجہ بڑھے گی۔ تاہم ہفتے کے درمیانی اور آخری دنوں میں اخراجات، جھگڑے، بے چینی، وسوسے اور بزرگوں کی صحت کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ ڈاکٹر کے پاس جانا پڑ سکتا ہے۔