وزیراعظم اپنا گھر پروگرام: ہاؤسنگ قرض کے لیے ضروری دستاویزات کی تعداد 5 مقرر

اسلام آباد: وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت ہاؤسنگ قرض حاصل کرنے کے لیے درکار دستاویزات کی تعداد کم کرکے پانچ کر دی گئی ہے، جبکہ اس سلسلے میں بینکوں کو نئی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے مطابق ہاؤسنگ قرض کے حصول کے لیے اب ٹرانسفر لیٹر، پوزیشن لیٹر، نقشہ، رہن رکھنے کی اجازت کا خط اور اندراجِ رہن سمیت پانچ دستاویزات درکار ہوں گی۔
وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام ملک بھر میں جاری ہاؤسنگ قرضوں کی فراہمی کا ایک اہم منصوبہ ہے۔ اس اسکیم کے تحت حکومت پاکستان پہلی بار گھر تعمیر کرنے کے لیے ایک کروڑ روپے تک قرض فراہم کر رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق ہاؤسنگ فنانس کے عمل کو آسان بنانے کے لیے بینکوں کی جانب سے طلب کی جانے والی ضروری دستاویزات کی تعداد محدود کر دی گئی ہے اور ان کے لیے یکساں معیار مقرر کیا گیا ہے، جبکہ بینکوں کو اس حوالے سے عمل درآمد کی ہدایات بھی دے دی گئی ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں