ایبٹ آباد: کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے کہا ہے کہ افواج پاکستان ملک کے ہر حصے کی حفاظت کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور سرحد پار سے ہونے والی دراندازی کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سید عامر رضا نے کیڈٹس اور ان کے والدین کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی، وقار اور دفاع کی بھاری ذمہ داری اب کیڈٹس کے کندھوں پر ہے، اس لیے انہیں قومی سلامتی کے تحفظ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کیڈٹس پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں درپیش چیلنجز کا جرات اور بہادری سے سامنا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ دیانت داری، بہادری اور جرات ایک کامیاب قیادت کے بنیادی اصول ہیں، جنہیں ہر افسر کو اپنی عملی زندگی میں مقدم رکھنا چاہیے۔
جنرل سید عامر رضا نے خواتین کیڈٹس کی پریڈ میں شرکت کو باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان نے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔
کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ نے خطے کی حالیہ کشیدہ صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر مثبت کردار ادا کیا ہے۔ ان کے مطابق خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو عالمی برادری نے بھی دیکھا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ افواج پاکستان ملکی سرحدوں اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہیں، جبکہ بہادر فوجی جوان وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔ ان کا واضح مؤقف تھا کہ سرحد پار سے کسی بھی قسم کی دراندازی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
فلسطین کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے جنرل سید عامر رضا نے کہا کہ وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند ہونی چاہییں۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو بھی عالمی سطح پر حل طلب معاملہ قرار دیا اور کہا کہ اسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔







