بہاولپور(تحصیل رپورٹر) روزنامہ قوم کی خبروں کے بعد محکمہ جنگلات میں اہم انتظامی تبدیلیاں، لال سونہارا نیشنل پارک کی بدانتظامی، جنگلات میں مبینہ چوری اور ملازمین کو درپیش مسائل کی نشاندہی کے بعد رینج آفیسر ممتاز حسین اور افتخار احمد کے تبادلے کر دیے گئے۔ محکمہ جنگلات و جنگلی حیات پنجاب کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشنز کے مطابق ممتاز حسین کو گوجرہ رینج، فیصل آباد جبکہ افتخار احمد کو کوٹ ادو رینج، مظفرگڑھ تبدیل کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق روزنامہ قوم نے لال سونہارا نیشنل پارک کی صورتحال اور لاڈم سر ون رینج میں مبینہ چوری کی وارداتوں، انتظامی مسائل اور ماتحت عملے کے ساتھ مبینہ سخت رویے کی شکایات کو نمایاں کیا تھا۔ خبروں میں جنگلات کے تحفظ کے انتظامات اور متعلقہ افسران کی کارکردگی کی نشاندھی کی گئی تھی۔سرکاری نوٹیفکیشن نمبر FWF/ASADMN/DSADMN/0/261012/3036 مورخہ 12 اکتوبر 2026ء کے مطابق ممتاز حسین ولد محمد سلطان، فاریسٹ پروٹیکشن آفیسر لاڈم سر ون رینج، لال سونہارا نیشنل پارک بہاولپور کو فوری طور پر گوجرہ رینج، فیصل آباد فاریسٹ ڈویژن میں خالی آسامی پر تعینات کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح نوٹیفکیشن نمبر FWF/ASADMN/DSADMN/0/261013/3052 مورخہ 13 اکتوبر 2026ء کے مطابق افتخار احمد ولد یار محمد، فاریسٹ پروٹیکشن آفیسر کنسٹرکشن اینڈ لینڈ اسکیپنگ رینج، لال سونہارا نیشنل پارک بہاولپور کو تبدیل کرکے کوٹ ادو رینج، مظفرگڑھ فاریسٹ ڈویژن تعینات کر دیا گیا ہے۔ دونوں احکامات سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات پنجاب کیپٹن (ر) طاہر ظفر عباسی کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں روزنامہ قوم کی جانب سے محکمہ جنگلات کے معاملات اجاگر کیے جانے کے بعد سامنے آنے والی یہ تبدیلیاں اہم پیش رفت ہیں۔ تاہم تبادلوں کے سرکاری احکامات میں ان کا تعلق خبروں یا کسی مخصوص انکوائری سے بیان نہیں کیا گیا۔عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ان تبدیلیوں کے بعد لال سونہارا نیشنل پارک اور جنگلات کے انتظامی معاملات میں بہتری آئے گی اور جنگلات کے تحفظ، مبینہ چوری کی روک تھام اور پارک کی دیکھ بھال کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔







