ملتان (جنرل رپورٹر)چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملتان کے انتخابات کے سلسلے میں فرینڈز آف ملتان کارپوریٹ کلاس کے امیدوار ندیم احمد شیخ نے قوم میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیمبر ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے کیونکہ یہ تاجروں، صنعتکاروں، چھوٹے اور درمیانے کاروباریوں، نوجوانوں اور خواتین کی اجتماعی آواز ہے، جو حکومت اور متعلقہ اداروں تک مسائل پہنچانے، پالیسی سازی میں نمائندگی، ٹیکس اصلاحات، توانائی بحران کے حل، برآمدات میں اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر چیمبر مضبوط، متحرک اور فعال ہو تو ملتان اور جنوبی پنجاب کی معیشت ترقی کر سکتی ہے، صنعتیں لگ سکتی ہیں اور کاروباری برادری کو عالمی مارکیٹوں تک رسائی مل سکتی ہے، فرینڈز آف ملتان کارپوریٹ کلاس کارپوریٹ تجربے، شفافیت، جدید سوچ اور عملی منصوبہ بندی کی نمائندگی کرتے ہوئے روایتی گروپ بندی سے ہٹ کر چھوٹے و درمیانے تاجروں، نوجوان کاروباریوں، خواتین اور نئے سرمایہ کاروں کو ساتھ لے کر چلنے کی خواہاں ہے، اگر تاجر برادری نے اعتماد کیا تو انشاء اللہ فاؤنڈر گروپ کے مقابلے میں فرینڈز آف ملتان زیادہ مؤثر، شفاف اور نتیجہ خیز ثابت ہوگی کیونکہ ہماری ٹیم ڈیجیٹل سہولیات، تربیت، نمائشوں، مارکیٹنگ، برانڈنگ، ایکسپورٹ کونسلز اور بین الاقوامی روابط میں معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے مشکل معاشی دور میں چیمبر کا کردار صرف سفارشوں اور وفود تک محدود نہیں رہنا چاہیےبلکہ اسے فعال تھنک ٹینک، پالیسی مشاورتی فورم اور کاروباری برادری کے لیے عملی سہولت کاری کے مرکز کے طور پر کام کرنا ہوگاجس کے لیے ون ونڈو آپریشن، ڈیجیٹل رجسٹریشن، آن لائن ٹیکس رہنمائی، فنانسنگ اور بینکنگ سے روابط، ایکسپورٹرز کے لیے مارکیٹ انٹیلی جنس اور نوجوانوں کے لیے اسٹارٹ اپ قائم کرنے چاہئیںتاکہ چیمبر چند بڑے کاروباری گھرانوں کی اجارہ داری سے نکل کر ہر چھوٹے تاجر، دکاندار، فری لانسر، خاتون کاروباری اور نوجوان صنعت کار تک پہنچے، ملتان کی معیشت مضبوط ہو، روزگار کے مواقع بڑھیں اور جنوبی پنجاب کی کاروباری صلاحیت قومی و بین الاقوامی سطح پر نمایاں ہو۔ انہوں نے کاروباری برادری سے اپیل کی کہ وہ ملتان چیمبر کے انتخابات میں اصلاحات، شفافیت اور بہتر نمائندگی کے حق میں ووٹ دیں۔







