اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن عظمیٰ خان کی جانب سے حکومت کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر سپریم کورٹ رجسٹرار آفس کا اعتراض دور کر دیا گیا، جس کے بعد درخواست کو باقاعدہ نمبر بھی الاٹ کردیا گیا ہے۔
عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر عظمیٰ خان نے حکومت کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر اطلاعات عطا تارڑ سمیت دیگر افراد کو فریق بنایا گیا تھا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو علاج کے لیے شفا اسپتال منتقل کیا جائے اور ان کے ضروری طبی معائنے اور ٹیسٹ بھی کرائے جائیں۔
درخواست کی جلد سماعت کے لیے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ گزشتہ روز سپریم کورٹ پہنچے تھے اور درخواست کو جلد مقرر کرنے کی استدعا کی تھی۔
اس سے قبل سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے عظمیٰ خان کی توہین عدالت کی درخواست پر اعتراض عائد کرتے ہوئے اسے واپس کردیا تھا۔ ذرائع کے مطابق رجسٹرار آفس کی جانب سے اعتراض کیا گیا تھا کہ درخواست گزار نے فریقین کے خلاف توہین عدالت کے الزامات کی مکمل فہرست درخواست کے ساتھ فراہم نہیں کی۔
پی ٹی آئی نے رجسٹرار آفس کا اعتراض دور کرکے درخواست دوبارہ جمع کرا دی، جس کے بعد سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے درخواست کو نمبر بھی الاٹ کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عظمیٰ خان کی توہین عدالت کی درخواست کو 8/2026 نمبر دیا گیا ہے۔







