تہران: ایران میں قدرتی گیس کے نئے ذخائر دریافت ہونے کی اطلاع سامنے آئی ہے، جسے ملک کے توانائی کے شعبے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی صوبے فارس میں دریافت ہونے والی نئی گیس فیلڈ میں 7.5 ٹریلین کیوبک فٹ سے زیادہ قدرتی گیس موجود ہے۔
ایرانی وزیر تیل محسن پاک نژاد کے مطابق نئی گیس فیلڈ سے تقریباً 5.7 ٹریلین کیوبک فٹ گیس حاصل کی جاسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مقدار ایران کے بڑے گیس فیلڈ جنوبی پارس کے ایک فیز سے تقریباً 15 سال کی پیداوار کے برابر ہے۔
وزیر تیل نے بتایا کہ نئی دریافت ہونے والی فیلڈ میں موجود گیس سویٹ گیس ہے، جس کے باعث اس کی ترقی اور پیداوار پر آنے والی لاگت نسبتاً کم رہنے کی توقع ہے۔
محسن پاک نژاد کے مطابق نئی گیس فیلڈ میں گیس کنڈینسیٹ کے بھی قابلِ ذکر ذخائر موجود ہیں، جو مستقبل میں ایران کے لیے اربوں ڈالر کی اضافی آمدنی کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔







