تہران: ایران کے شمال مغربی صوبے زنجان پر ہونے والے حالیہ امریکی حملے میں پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کے تین اہلکار جاں بحق ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلامی انقلابی گارڈ کور (IRGC) نے تصدیق کی ہے کہ جمعرات کی صبح ہونے والے امریکی حملے میں زنجان صوبے کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں پاسدارانِ انقلاب کے تین اہلکار ہلاک ہوئے۔
ایرانی خبر رساں ادارے فارس نیوز نے بھی صوبائی آئی آر جی سی کے بیان کے حوالے سے بتایا کہ حملے میں تین اہلکار جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ حملے کی مزید تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کی گئیں۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) اس سے قبل اعلان کر چکی ہے کہ ایران کے خلاف اپنی منصوبہ بند فوجی کارروائیوں کی بڑی لہر مکمل کر لی گئی ہے۔
خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی برادری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، جبکہ ایران اور امریکا کے درمیان تناؤ میں مزید اضافے کے خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔







